ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / انا بھاگیہ اسکیم کے تحت چاول کی مقدار میں کمی نہیں ہوگی: ضمیر احمد

انا بھاگیہ اسکیم کے تحت چاول کی مقدار میں کمی نہیں ہوگی: ضمیر احمد

Wed, 18 Jul 2018 01:02:36    S.O. News Service

بنگلورو:17/جولائی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے شہری رسد وخوراک اور اقلیتی بہبود ضمیر احمد خان نے کہا ہے کہ انا بھاگیہ اسکیم کے تحت خط افلا س سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کو سات کلو چاول کی فراہمی کا سلسلہ برقرار رہے گا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی انتظامیہ میں کسی بھی مرحلے پر چاول کی مقدار میں کمی لانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔اور نہ ہی اس موضوف پر کہیں کوئی بحث ہوئی ہے۔ البتہ بجٹ پر بحث کے جواب کے دوران وزیر اعلیٰ کمار سوامی انا بھاگیہ اسکیم کے تحت چاول کی فراہمی برقرار رکھنے کا تیقن دیا ۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ کے بعد بھی انہوں نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کرکے گزارش کی ہے کہ چاول کی مقدار میں کمی نہ کی جائے۔ چاول کی مقدار کم کرکے دیگر اشیاء کی فراہمی کے متعلق خبروں سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ اس ضمن میں اب تک ان کی وزیر اعلیٰ یا کسی سے بھی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ اپوزیشن لیڈر یڈیورپا کی طرف سے ا س الزام پر کہ ریاست کے 280 گوداموں میں انا سڑ رہا ہے۔ مسٹر ضمیر نے کہاکہ اس سلسلے میں وہ محکمے سے رپورٹ طلب کرچکے ہیں رپورٹ ملنے کے بعد وہ اپنا ردعمل ظاہر کریں گے۔ننجنگڈھ میں انا بھاگیہ اسکیم کے چاول کی کالا بازاری کے متعلق انہوں نے کہاکہ اس کے لئے میسور میں محکمے کے ڈپٹی ڈائرکٹر رامیشورپا کو معطل کردیاگیا ہے، جبکہ ڈپو منیجر میلاری اور کمپیوٹر آپریٹر کو بھی برخاست کرنے کے ساتھ ان کے خلاف کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔اقلیتی کمیشن کے چیرمین کے طور پر بی جے پی کے دور اقتدار میں انور مانپاڈی کی طرف سے وقف گھپلے کے متعلق پیش کی گئی رپورٹ کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ بی جے پی جب ریاست میں اقتدار پر تھی تب اس نے اس رپورٹ پر کارروائی کیوں نہیں کی؟۔ وزیر موصوف نے کہاکہ اوقافی املاک کے متعلق اگر کوئی بھی دھاندلی ہوئی ہے تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ انور مانپاڈی نے اس وقت رپورٹ پیش کی تھی جب سدانند گوڈا وزیر اعلیٰ تھے۔ اس مدت میں بی جے پی نے کارروائی نہیں کی اب غیر ضروری طور پر اس معاملے کو تنازعے کی شکل دینا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس رپورٹ پر عدالت میں مقدمات چل رہے ہیں اسی لئے اسے سی بی آئی کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔ریاستی وقف بورڈ کے انتخابات کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں فائل کو منظور کیا جاچکا ہے جلد از جلد انتخابات کے لئے نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔ 


Share: